You are currently viewing پولیس پر لگائے گئے عمران خان کے الزامات میں سچائی نہیں، آئی جی پنجاب

پولیس پر لگائے گئے عمران خان کے الزامات میں سچائی نہیں، آئی جی پنجاب

لاہور (ڈیسک) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عثمان انور کا کہنا ہے عمران خان کے پولیس پر لگائے گئے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ، ہم کسی بھی شہری کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
آئی جی پولیس پنجاب عثمان انور کا پولیس لائنز میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا عمران خان کو قتل کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، عمران خان کے الزامات کا ہر سطح پر سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، جوڈیشل کمیشن ہو یا کسی سطح پر تحقیقات، اپنی ٹیم کے ساتھ جواب دیں گے، پولیس والے قصور وار نکلے تو سزا دیں ورنہ الزام لگانے والےکو سزا دیں۔
عثمان انور نے کہا کہ ہرشہری کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے، جلسے اور جلوس میں پولیس پورا تحفظ فراہم کرے گی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا پولیس پر حملہ کرنے والے کو پسپا ہی نہیں کرنا بلکہ ان کا قلع قمع کرنا ہے، پولیس پر گولی چلے گی تو جواب گولی سے دیا جائے گا، کسی جگہ دہشت گرد ہو تو نہیں چھوڑا جائے گا۔
عثمان انور کا کہنا تھا ، پولیس کے شہداء، جہیز فنڈ اور دوسرے ویلفیئر فنڈ ڈبل کر دیئے ہیں، سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ کا کام تعریف کے قابل ہے، سی سی پی او بلال کمیانہ نے برسوں پرانی 13 ہزار اپیلیں نمٹائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب میں الزام لگایا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے چکے ہیں۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7