You are currently viewing پوری زندگی محنت سے عبارت؛ چھوٹا گھر ہونے کے باعث کچن میں بھی سونا پڑتا، حارث رئوف

پوری زندگی محنت سے عبارت؛ چھوٹا گھر ہونے کے باعث کچن میں بھی سونا پڑتا، حارث رئوف

لاہور (ڈیسک) قومی کرکٹر حارث رؤف نے زندگی کے ابتدائی ایام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پوری زندگی محنت ، مشقت اور کسمپرسی سے عبارت رہی۔
پاکستانی اسٹار بولر حارث رؤف پر بنائی گئی ایک دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ حارث کے والد اور چاچا سب ایک ہی چھوٹے سے گھر میں رہتے، چچاؤں کی شادی کے بعد ان کا گھر مزید چھوٹا پڑ گیا، وہ بتاتے ہیں کہ ایسے میں انہیں کچن میں بھی سونا پڑتا۔
فلم میں حارث کا راولپنڈی میں پرانا گھر دکھایا گیا ،وہ گلیاں بھی دکھائی گئیں جہاں کرکٹ کھیل کر حارث بڑے ہوئے۔
کرکٹر حارث رؤف نے انکشاف کیا کہ وہ کرکٹ کھیلنے کی خاطر گھر سے اپنا حلیہ بدل کر دوست کے گھر جایا کرتے تھے اور وہاں سے کپڑے اور جوتے پہن کر ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے جاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 7بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، میرے والد ویلڈر تھے جو بہت محنت کر کے مشکل سے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔
جب یونیورسٹی گیا تو سمسٹر کے آغاز پر 70سے80ہزار چاہیے ہوتے تھے جس کے لیے میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلتا، مہینے کے 2سے ڈھائی لاکھ جمع ہو جاتے جس سے میں فیس نکالتا اور کچھ جمع کرتا، والدہ کا خواب تھا کہ اپنا گھر ہو۔
حارث رؤف نے کہا اب میرے پاس ایک گھر اور گاڑی ہے، جب میں نے گاڑی خریدی تو میرے والد رونے لگے اور کہا کہ ان کی اس گاڑی میں بیٹھنے کی بھی حیثیت نہیں ہے۔ حارث نے بتایا کہ میں اپنی اسکول کی فیس دینے کے لیے ہر اتوار بازار میں نمکو فروخت کرتا تھا، اس سے اسکول کی فیس نکل آتی۔