You are currently viewing پشاور ہائیکورٹ: حماد اظہر کی 51 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور

پشاور ہائیکورٹ: حماد اظہر کی 51 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور

پشاور (نیوز ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کی 51 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرلی۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حماد اظہرکے خلاف 51 مقدمات درج ہیں، دیگر کا ابھی پتا نہیں کتنے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ لاہور، واہ کینٹ، راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں ایف آئی آر درج ہیں۔
چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے ریمارکس دیے کہ یہ تو کئی شہروں میں ان کے خلاف کیسز ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کتنا ٹائم دیں؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ بتائیں۔
اس پر انہوں نے جواب دیا کہ عدالت کو جو بہتر لگے وہ ٹائم دے دیں۔
عدالت نے 51 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے حماد اظہرکو ایک ماہ میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر کا کہنا تھاکہ گزشتہ 8 ماہ سے ملک کے قانون کا مذاق بنایا گیا، ایک وقت میں میرے خلاف 51 مقدمات بنائے گئے، مجھ پر اور میرے گھر والوں پر جو گزارا اس پر دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپوشی کے دوران ملک میں ہی تھا اور آنے والے 2 دنوں میں پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بیان کروں گا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.