پشاور (نیوز ڈیسک) پشاور میں شادی کے روز دُلہے کے قتل کیس کا ڈراپ سین ہوگیا، واردات کی ماسٹر مائنڈ دلہن ہی نکلی۔
11 نومبر کو فقیر آباد چارسدہ روڈ پر بارات میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دُلہا جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم جلال کو گرفتار کرلیا گیا جس نے بتایاکہ وہ ثمرین کو پسند کرتا تھا اسی لیے اس نے عدنان کو راستے سے ہٹانے کے لیے اسے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ ثمرین اس کی خالہ زاد اور کئی سال سے اس کی دوست بھی تھی۔
پولیس نے تحقیقات کے سلسلے میں دلہن کو بھی حراست میں لیتے ہوئے ملزم سے آلہ قتل برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی آپریشنز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 3دن قبل فقیر آباد میں ہونے والے دُلہے کے قتل میں دُلہن نے ماسٹرمائنڈ کا کردار ادا کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کا ایک سال سے ملزم کے ساتھ تعلق تھا اور وہ دونوں شادی کرنا چاہتے تھےتاہم گھر والے خلاف تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کی مخالفت کے باعث دونوں نے مقتول کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔
پولیس کو تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ واردات کے روز دلہن مختلف نمبروں سے ملزم کو لوکیشن بتاتی رہی۔