پشاور (ڈیسک) سابق صدر پی ٹی آئی کے پی کے پرویز خٹک نے اپنی سیاسی جماعت کی تشکیل کےلئے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کے پی کے اپنی الگ جماعت کے قیام کے لئے اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر چکے ہیں، اس سلسلے میں مشاورت اور ملاقاتیں تاحال جاری ہیں، وہ الیکشن سے قبل اپنی جماعت کو میدان میں لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ملنے والی معلومات کے مطابق پرویز خٹک نے اپنی جماعت کا نام اور جھنڈے کا نام منتخب کر لیا ہے، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے نام سے وہ نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پرویز خٹک اگر کسی دوسری جماعت میں شامل نہیں ہوتے تو یقیناً وہ اپنی پارٹی کا اعلان کر کے انتخابات میں حصہ لینے کو ترجیح دیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ رواں ہفتے کے دوران حتمی طور پر فیصلہ کرسکتے ہیں ، وہ سابق اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ بھی بعض دیگر سیاسی شخصیات کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وہ پی ٹی آئی کے سابقہ دور میں سینیٹ انتخابات میں پارٹی وفاداریاں تبدیل کرنے والے اراکین صوبائی اسمبلی اور ان امیدواروں کے ساتھ بھی رابطوں میں ہیں جنہیں گزشتہ انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہیں مل سکا تھا۔