You are currently viewing پاک بھارت مذاکرات دو طرفہ معاملہ، علاقائی استحکام چاہتے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

پاک بھارت مذاکرات دو طرفہ معاملہ، علاقائی استحکام چاہتے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن (ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات دو طرفہ معاملہ ہے ، ہم جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام چاہتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم طویل عرصے سے جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں، ہم جنوبی ایشیا میں استحکام کے حوالہ سے پیش رفت کے خواہاں ہیں، پاکستان اور بھارت دونوں ہمارے شراکت دار ہیں اور دونوں کی اپنی انفرادی حیثیت ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے جاری بیان بارے ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ ہم طویل عرصہ سے جنوبی ایشیا میں استحکام کے خواہاں ہیں لیکن پاکستان اوربھارت کے درمیان کسی بھی قسم کے مذاکرات کی رفتار، دائرہ کار اور نوعیت کا فیصلہ دونوں ممالک نے ہی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے ماضی میں کئی چیلنجز سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی جو ممکن ہوا کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یقیناپاکستان ہمارا شراکت دار ہے اور ہم پاکستان میں کسی بھی منتخب حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی مشترکہ مفادات ہیں، ہم نے مختلف حکومتوں کے دوران اس کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے بھی کئی بار کہا ہے کہ ہم حکومت کو اس کی پالیسیوں کے مطابق دیکھتے ہیں اور اس کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ آنے والی پاکستانی حکومت کس پالیسی کے تحت آگے بڑھتی ہے۔