اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان کی معاشی بحالی کا قومی پلان تیار، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل قائم کردی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے پہلے اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کو تعمیر اور ترقی کی طرف واپس لا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہی کے دہانے پر کھڑی معیشت ملی۔
معیشت کو مشکل اور دلیرانہ فیصلوں کے ذریعے بحرانوں سے نکال رہے ہیں۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر وزرائے اعلیٰ، وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ”اکنامک ریوائیول پلان“ کا مقصد ملک کو موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا ہے، جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں کی صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کی مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔
منصوبے کے تحت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیا جائے گا۔
”ایک حکومت“ اور ”اجتماعی حکومت“ کے تصور کو فروغ دیا جائے گا۔