You are currently viewing پاکستان چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کرنا چاہتا ہے

پاکستان چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون قائم کرنا چاہتا ہے

بیجنگ (ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کی مدد سے سیمی کنڈیکٹرز زون کے قیام کیلئے ایک اہم منصوبہ تجویز کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کو جدید آلات میں خودکفیل بنانا اور ترقی کی نئی راہیں کھولنا ہے۔

یہ بات انہوں نے چائنہ اکنامک نیٹ کو اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوران انہوں نے سیمی کنڈیکٹرز انڈسٹری کی پاکستان منتقلی کے بارے میں گفتگو کی۔ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف پاکستان بلکہ چین کے لئے بھی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چین کی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں اور پاکستان کو سیمی کنڈیکٹرز مینوفیکچرنگ کا مرکز بنائیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بحیثیت وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بھی خدمات انجام دی ہیں اور اپنی اس مدت کے دوران انہوں نے سیمی کنڈیکٹرز ٹیکنالوجی کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے اور سیمی کنڈیکٹرز مہارت میں پاکستانیوں کو تربیت کی فراہمی کے لئے چین کے ساتھ اشتراک بھی کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیمی کنڈیکٹر زڈیزائننگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے یہ بات بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ کام کرنے میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی زون کو سیمی کنڈیکٹرز زون میں بدل دیا جائے گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کا بہت بڑا شعبہ ہے جس میں دونوں ممالک تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فونز اب پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں لیکن ہم اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے پاکستان میں موبائل فونز کی مکمل مینوفیکچرنگ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں آلات کے حوالے سے دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے ابتدائی چند ماہ کے دوران ہم اس شعبہ سے متعلق ہر چیز درآمد کر رہے تھے لیکن اب پاکستان اس حوالے سے ایک بڑا برآمد کنندہ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم سنگ میل ہم نے مختصر عرصے میں حاصل کیا ہے اور اب صحت کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنر مند لیبر اور ایک بڑی مارکیٹ ہے، ہمیں امید ہے کہ چینی ٹیک کمپنیاں ٹیکنالوجی زون میں ہماری مدد کریں گی اور اس طرح ہم ان شعبوں میں کامیابی کے ساتھ ابھر سکیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین کے بعد بہت سی چینی ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان آئیں گی کیونکہ سیمی کنڈیکٹر ہر ٹیکنالوجی کا بنیادی عنصر ہے جس سے مقامی مینوفیکچرنگ مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن لانے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورے کے دوران چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا اور دونوں اطراف نے سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، طبی تشخیص اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.