You are currently viewing پاکستان نے زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا

پاکستان نے زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا

بلاوائیو(ڈیسک)پاکستان نے زمبابوے کو پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز  کے آخری ون ڈے میں  131 رنز کے مارجن سے شکست دے کرسیریز میں کلین سوئپ  کر لیا

زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلے گئے  پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 365 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 233 رنز ہی بنا سکی اور یوں قومی ٹیم نے 131رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوین اوپنرز نے ٹیم کو 14 اوورز میں 66 رنز کا آغاز فراہم کیا، کپتان ہیملٹن مساکیڈزا نے 34 رنز بنائے جنہیں حسن علی نے بولڈ کر دیا، اگلے ہی اوور میں کامونوکاموے نے 34 رنز بنائے اور محمد نواز کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، پرنس مسوارے نے 39 اور ریان مرے 47 پر آؤٹ ہوئے جب کہ پیٹر مور 44 اور ایلٹن چگمبرا 25 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، بابر اعظم مین آف دی میچ جب کہ فخر زمان مین آف دی سیریز قرار پائے۔

اس سے قبل گرین شرٹس نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 168 رنز کی شراکت قائم کی۔

اوپنر فخر زمان نے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آؤٹ ہوگئے، امام الحق نے بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری مکمل کرتے ہوئے 110 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 106 رنز بناتے ہوئے سنچری مکمل کی جس کے باعث پاکستان نے مقررہ اوورز میں 364 رنز بنائے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.