You are currently viewing پاکستان نے جی ۔77 اور چین کی چیئرمین شپ کیوبا کے حوالے کردی

پاکستان نے جی ۔77 اور چین کی چیئرمین شپ کیوبا کے حوالے کردی

اقوام متحدہ (ڈیسک) پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کی تنظیم جی ۔77 اور چین کی چیئرمین شپ باضابطہ طور پر کیوبا کے حوالے کردی۔
134 رکنی گروپ کی چیئرمین شپ کی منتقلی کی ٹرسٹی شپ کونسل میں منعقد ہونے والی تقریب سے وزیرخارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے وڈیو خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گروپ کی چیئرمین شپ کیوبا کے ہم منصب اور اپنے دوست برونو روڈریگوئیز پارلا کو منتقل کرنے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت میں ترقی پذیر ممالک کے مذکورہ بالا چیلنجز سے نمٹنے کے اجتماعی عزم اور اتحاد پر مبنی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔وزیر خارجہ کے خطاب کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گروپ کا’’ گریول‘‘ کیوبا کے وزیر خارجہ کے حوالے کیا۔ گروپ کے نئے چیئرمین نے اپنے خطاب میں 2022 کے دوران گروپ کی شاندار قیادت پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ اپنے خطاب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقاصد کے حصول کے لیے گروپ کے ارکان کو باہم اتحاد، تعامل اور اجتماعی کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ گروپ ۔77 کے رکن ممالک چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹ کر ایک زیادہ مساوی اور انصاف پر مبنی بین الاقوامی اقتصادی نظام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا باہمی اتحاد ہی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور کوپ۔27 کے دوران اس کا بھرپور اظہار کیا گیا۔انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ کیوبا کی قیادت میں گروپ درپیش چیلنجزسے جرات مندانہ انداز میں بھرپور طریقے سے نمٹنے میں کامیاب رہے گا جس سے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تبدلیوں کے منفی اثرات کم کرنے کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گروپ کے رکن کی حیثیت سے ان مقاصد کے حصول میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.