اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان سمیت آج دنیا بھر میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
اس دن کو منانے کامقصد شوگر کے مرض کی بڑھتی شرح پر قابو پانا اور اس مرض کی پیچیدگیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ورزش ہر ایک کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے اور یہ عادت ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے مرض سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
گزشتہ دنوں اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی جس میں 20 سے 35 سال کی عمر کے 32 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
ان سب کے گلوکوز ٹیسٹ کیے گئے اور پھر انہیں ہلکی جاگنگ کی ہدایت کی گئی، نتائج سے معلوم ہوا کہ 30 منٹ کی ایروبک ورزش سے فوری طور پر بلڈ گلوکوز کی سطح بہتر ہوتی ہے جبکہ انسولین کی حساسیت بڑھتی ہے جس سے طویل المیعاد بنیادوں پر ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔