You are currently viewing پی ٹی آئی کا وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ہم چاہتے ہیں ملک میں ہم آہنگی اورمفاہمت ہو۔
انھوں نے کہا کہ فارم 45 ثبوت ہیں کہ ہمارے امیدوار جیتے ہیں مگر فارم 47 میں نتائج تبدیل کیے گئے، مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی نے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے، ہر پانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اور متنازع ہوجاتے ہیں، انتخابات کا مقصد فوت ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور ان کی ہدایت پر مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 92 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
تاہم مرکز میں ن لیگ، پی پی پی، ایم کیو ایم اور دیگر نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 79، پیپلزپارٹی 54، متحدہ قومی موومنٹ 17، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور بلوچستان عوامی پارٹی نے ایک نشست حاصل کی ہے۔
مذکورہ اتحاد کو مجموعی طور پر 156 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور مخصوص نشستیں ملنے کے بعد حکومت بنانے کے لیے 172 کا ہندسہ عبور کرجائے گا۔
علاوہ ازیں پنجاب میں بھی مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کے لیے 186 کا ہندسہ پورا کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.