لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے منحرف ارکان کی نااہلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
عدالت نے درخواست پر 29 اپریل کیلئے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سبطین خان کی دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔درخواست گزار جماعت پی ٹی آئی کے وکیل عامر سعید راں نے موقف اختیار کیا کہ راجہ صغیر، علیم خان، نعمان لنگڑیال، عظمی کاردار سمیت پچیس اراکین اسمبلی نے پارٹی پالیسی کے منافی چوہدری پرویز الہی کو ووٹ نہیں ڈا لا۔اس پر کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا گیا لیکن الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا۔وکیل نے استدعا کی کہ منحرف ارکان صوبائی اسمبلی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نا اہل کیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک تحریک انصاف کے مخصوص ارکان کی رکنیت معطل کی جائے۔وکیل نے یہ بھی استدعا کی کہ منحرف اراکین کو ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے سے بھی روکا جائے۔