کیپ ٹاؤن(ڈیسک)پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کادوسرا ٹیسٹ آج سے شروع ہورہا ہے ۔
پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ لائن کی غیر ذمے دارانہ کارکردگی کے باوجود پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں اپنی بیٹنگ لائن کو ایک اور موقع دینا چاہتی ہے تاہم سیریز میں واپس آنے کے لئے پاکستان کو اپنے سب سے مستند فاسٹ بولر محمد عباس کی خدمات حاصل ہیں۔
توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی جائے گی اور حسن علی کی جگہ محمد عباس کھیلیں گے۔
پاکستان نے آج تک جنوبی افریقا کی سرزمین پر کوئی سیریز نہیں جیتی اور کیپ ٹاؤن میں پاکستان کا ریکارڈ بھی کچھ اچھا نہیں، اس گراؤنڈ پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ سیریز ہوئیں اور تینوں میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا، پاکستان کے خلاف اسپن بولر بھی کھلانا چاہتا ہے اور یہ ذمہ داری کیشو مہاراج پوری کریں گے اور پاکستان یاسر شاہ کو ٹرمپ کارڈ کے طور پر کھلائے گا۔