اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے مابین ریلوے لائن بچھانے کے منصوبہ کے بارے میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
افغانستان ریلوے اتھارٹی کے سربراہ ملا بخت الرحمن نے پاکستان کے دورے کے موقع پر پاکستانی حکام کے ساتھ ریلوے لائن بچھانے کے منصوبےپر گفتگو کی۔ ریلوے لائن کی تکمیل سے خشکی میں گھرے ازبکستان کو پاکستان کی بندرگاہوں تک رسائی حاصل ہو گی۔
ریلوے لائن مزار شریف سے طورخم تک بچھائی جائے گی جو افغانستان کو عبور کرتی ہوئی وسطی ایشیا کو جنوبی ایشیا سے ملائے گی۔
افغان ریلوے کے سربراہ نے پاکستانی حکام کو یقین دلایا کہ افغانستان ٹرانس افغان ریلوے کے تکنیکی مطالعات کے لیے مکمل تیار ہے۔
مذکورہ منصوبہ پاکستان کو وسطی ایشیا سے جوڑنے والا قریب ترین، سستا ترین اور محفوظ ترین کوریڈور ثابت ہو گا، پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کے لیے پوری ریسرچ کے ساتھ شروع کیے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔