ڈبلن(ڈٖیسک)آئرلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ آج ڈبلن میں پاکستان کے خلاف کھیلے گی ۔
آج سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ مالاہائیڈ‘ ڈبلن میں کھیلا جائے گا، پاکستان ٹیم نسبتاً نوجوان اسکواڈ پر مشتمل ہے جب کہ آئرلینڈ کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں ہوم ایڈوانٹیج حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
آئرلینڈ کے پیس بولر ناتھن اسمتھ زخمی ہونے کے باعث ٹیم سے خارج ہوگئے ہیں، ان کی جگہ کریگ ینگ کو بلا لیا گیا ہے، اٹھائیس سالہ ینگ نے 2013 میں قومی ٹیم کو جوائن کیا تھا۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ اور افغانستان کو گزشتہ برس جون میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فل ممبر ممالک کی ٹیموں کے خلاف قابل ذکر کام یابیاں حاصل کرنے کے بعد ٹیسٹ اسٹیٹس دیا تھا۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ کی ٹیم ون ڈے میں اپ سیٹ کرنے کی ماہر ٹیم سمجھی جاتی ہے، 2007 میں اس نے کرکٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا تھا جب ورلڈ کپ میں اس نے پاکستان کو زیر کیا اور دنیائے کرکٹ میں الگ پہچان بنالی۔
آئرلینڈ نے ون ڈے میں انگلینڈ سمیت کئی بڑی ٹیموں کوشکست دی جس نے ٹیسٹ اسٹیٹس کے حصول کی منزل آسان بنائی۔ تاہم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنا اتنا بھی کبھی آسان نہیں رہا، نیوزی لینڈ کو چھبیس سال اور پینتالیس ٹیسٹ کھیلنے پڑے جب کہ بنگلہ دیش کو زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے چونتیس ٹیسٹ کھیلنے پڑے