بشکیک (ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان اور کرغزستان کے صدر سوروونیے شریپوویچ نے دونوں ممالک کے درمیان زمینی اور فضائی روابط کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے میزبان صدر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات میں تعلقات کو جامع انداز میں مزید بہتر بنانے، مشترکا وزارتی کمیشن کا اجلاس اور دوطرفہ سیاسی مشاورت جلد کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ عوامی سطح پر رابطوں کو بہتر بنایا جائے، سیاحت کو فروغ اور ویزوں کے اجراء میں سہولت دی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کرغستان کے صدر کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔