You are currently viewing پاکستان آکر نکاح کرنے والی خاتون کے والد کا بیٹی سے قطع تعلق کا اعلان

پاکستان آکر نکاح کرنے والی خاتون کے والد کا بیٹی سے قطع تعلق کا اعلان

اتر پردیش (نیوز ڈیسک) فیس بک پر دوستی کے بعد پاکستان آکر قبول اسلام کے بعد نصر اللہ سے شادی کرنے والی بھارتی لڑکی کے والد نے اس سے قطع تعلق کا اعلان کردیا۔
انجو نامی خاتون جس کا نام اب فاطمہ ہے کے والد گایا پرساد تھامس نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ”جس طرح سے وہ اپنے دو بچوں اور شوہر کو پیچھے چھوڑ کر بھاگی ہے، اس نے تو اپنے بچوں تک کا نہیں سوچا، اگر انجو کو یہی کرنا تھا تو پہلے اپنے پہلے شوہر سے طلاق لیتی، اب وہ ہمارے لیے مر گئی ہے“۔
انہوں نے کہا کہ ”میں بھارتی حکومت سے اپنی بیٹی کو پاکستان سے واپس بھارت لانے کی اپیل نہیں کروں گا، میری درخواست ہے کہ اسے پاکستان میں ہی مرنے دیں“۔
لڑکی کے والد کا مزید کہنا تھا کہ ”اس کے بچوں کا کیا ہو گا، شوہر کا کیا ہو گا؟ اس کی 13 برس کی بیٹی اور پانچ برس کے بیٹے کا کیا ہو گا؟ اس نے اپنے بچوں کا اور شوہر کا مستقبل برباد کر دیا“۔

دریں اثناء انجو کے چھوٹے بھائی ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ اگر انجو پاکستان میں شادی کرچکی ہے تو ہمارا فیصلہ یہی ہوگا کہ ہم اسے قبول نہیں کریں گے جو ہمارے ملک بھارت سے غداری کرے تو اسے واپس آنے کی ضرورت نہیں وہ وہیں (پاکستان) میں رہے ہمیں اس کی ضرورت نہیں ہے۔
ڈیوڈ نے کہا کہ سوشل میڈیا رشتوں کو خراب کررہا ہے اور  معاشرہ بگاڑ کی طرف جارہا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی لڑکی انجو نے پاکستانی دوست نصراللہ سے خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا میں ملاقات کے بعد اسلام قبول کرکے نکاح کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق دونوں کا نکاح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہوا جس کے بعد خاتون کو پولیس کی نگرانی میں عدالت سےگھر منتقل کردیا گیا۔
فاطمہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے نصر اللہ کے پاس آئی ہے، اس کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور علاقہ بہت خوبصورت ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی خاتون نے پاکستان آنے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورےکیے اور اسے پاکستان ہائی کمیشن نئی دلی نے باقاعدہ طور پر لیٹر بھی جاری کرکے دیا۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7