You are currently viewing پاکستانی اسٹرائیک سے ایران میں ہلاک دہشت گردوں کی مزید تفصیلات آشکار

پاکستانی اسٹرائیک سے ایران میں ہلاک دہشت گردوں کی مزید تفصیلات آشکار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایران میں کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ کے ٹھکانوں پر پاکستانی اسٹرائیک سے ہلاک دہشت گردوں کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔
ہلاک دہشت گردوں میں دوستہ عرف چیئرمین، ساحل عرف شفق، محمد وزیرعرف وازو، سرور ولد اصغر اور بجرعرف سوغات شامل ہیں۔
ہلاک دہشت گرد دوستہ عرف چیئرمین ضلع پنجگور کا رہائشی تھا جس نے 2013 میں بی ایل ایف میں شمولیت اختیار کی، یہ بی ایل ایف کے کمانڈر فضل شیر عرف طاہر گروپ کا رکن تھا۔
دوستہ عرف چیئرمین زامران سیکٹر میں منشیات فروشی اور لوٹ مار میں ملوث تھا، یہ پروم سیکٹر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث رہا۔
دوستہ عرف چیئرمین نے 20 ستمبر 2019 کوپروم میں اسکول اور ایف سی پوسٹ، 23 مئی 2020 کو پروم کے علاقے میں ایف سی کی پوسٹ اور 4 ستمبر 2022 کو یوسف پوسٹ پر بارودی سرنگ دھماکے میں ملوث تھا۔
دہشتگرد دوستہ عرف چیئرمین 19 جنوری 2023 کو اخلاق عرف شوکت کے اغواء میں بھی ملوث تھا، اس نے 12 اپریل 2023 کو ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا۔
ہلاک دہشت گردوں میں اصغر عرف بشام کا بیٹا سرور بھی شامل ہے جو ضلع پنجگور کا رہائشی تھا، اس نے 8 جون 2021 کو فرنٹیئر کور کی پیٹرولنگ پارٹی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
فروری 2023 میں اصغر بشام نے پنجگور کے بس اسٹینڈ پر فائرنگ کرکے محمد انصر کو شہید کیا اور 21 نومبر 2023 کو اصغر بشام کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔
ہلاک ہونے والا دہشت گرد محمد وزیر عرف وازو ابتدائی طور پر 2013/14 میں بلوچ ریپبلکن آرمی میں شامل ہوا اور اس نے 2019 میں بلوچ لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کی۔
دہشت گرد محمد وزیر عرف وازو بی ایل ایف کے دہشت گرد عابد عرف چاکر کا بھائی تھا، دہشت گرد پروم، گوارگو اور ضلع پنجگور میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں کا حصہ تھا۔
محمد وزیر عرف وازو نے ضلع پنجگور کے احمد اللہ اور عامر کو ٹارگٹڈ حملے میں شہید کیا، دہشت گرد نے4 مارچ 2023 کو پل ناکہ پوسٹ پر گرنیڈ حملہ کیا، یکم مئی 2023 کو کسٹم آفس ایریا کے قریب ایف سی کانوائے کو بارودی سرنگ کا نشانہ بنایا۔
ہلاک ہونے والا ایک دہشت گرد بجر عرف سوغات 2016 سے بی ایل ایف کا حصہ تھا، بجر عرف سوغات پروم سیکٹر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گردانہ حملوں میں ملوث تھا، اس نے 7 مارچ 2023 کو نذیر ولد بہرام کو اس کی رہائش گاہ سے اغواء کیا، 4 مارچ 2023 کو پل ناکہ پوسٹ پر گرنیڈ حملہ کیا۔
ہلاک دہشت گردوں میں ساحل لنگ عرف شفق بھی شامل تھا جو معصوم پاکستانیوں اور سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا۔
ساحل لنگ دہشت گرد بلبل کا بھائی تھا جو مارگٹ اور ہرنائی کے علاقے میں بھتے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7