اسلام آباد (ڈیسک) آج پیش کیے جانے والے بجٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں یا تاخیر سے فائل کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے۔
ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ریونیو وصولیوں میں بہتری لانے اور ہدف کے حصول کے لیے ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے میں غفلت برتنے والوں پر جرمانوں کی تجویز زیر غور ہے ۔
ذرائع کے مطابق سیکشن 165 کے تحت ود ہولڈنگ اسٹیٹمنٹ فائل نہ کرنے پر 2 ہزار روپے جرمانے کی تجویز ہے۔
اسی طرح مقررہ تاریخ تک ٹیکس کی ادائیگی میں ناکامی پر بھی یومیہ 2سو روپے اضافی جرمانے کی تجویز ہے۔
ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ 25فیصد کیا جا سکتا ہے، ماہرین معاشیات کے مطابق ان تجاویز پر عمل سے ٹیکس کلیکشن میں بہتری آئے گی اور بروقت ٹیکس ادائیگی کا کلچر نمو پائے گا۔