کینبرا (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم شامل فاسٹ بولرز نسیم شاہ کی کمی کو پورا کرسکتے ہیں۔
میڈیا ٹاک کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ کینبرا میں پہلی مرتبہ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، آج موسم اچھا ہے پچ دیکھنے کا موقع ملے گا، یہاں ٹیسٹ سیریز سے پہلے میچ بڑا اہم ہے۔
انھوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ میچ سے زیادہ سے زیادہ پریکٹس کا فائدہ اٹھائیں، ہماری ٹیسٹ کی ٹیم بڑی سیٹل ہے، ہم ٹاپ ٹیم کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا چاہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چار روزہ میچ کے لیے پرائم منسٹر الیون اچھی ٹیم ہے، ہمیں اچھی پریکٹس ملے گی، شان مسعود پہلی مرتبہ کپتانی کر رہے ہیں، محمد حفیظ کے ساتھ ان تعلق اچھا ہے، شان مسعود اچھی طرح ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ جب آپ کرکٹ کھیلتے ہیں تو جو بھی رول دیا جائے آپ اس کے لیے تیار رہتے ہیں، رضوان اور مجھے جو بھی رول دیا جائے گا اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
دوران گفتگو سرفراز نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کے لیے نیک خواہشات ہیں، کوشش کریں گے کہ انہیں جتنا جلد آؤٹ کرسکیں کریں، ہماری کوشش ہے کہ ان کو اچھا اسٹارٹ نہ لینے دیں۔
انھوں نے کہا کہ پرتھ ٹیسٹ کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں، ہمارے فاسٹ بولرز اچھے ہیں جو ٹیم میں شامل ہیں نسیم شاہ کی کمی پوری کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے ٹور پر چیلنجز ہوتے ہیں، یہاں نیٹ پر بھی بڑے مضبوط بولرز ملتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا۔