You are currently viewing ٹیم مینجمنٹ میں سرجری، وہاب اور رزاق کے بعد مینیجر منصور رانا بھی فارغ

ٹیم مینجمنٹ میں سرجری، وہاب اور رزاق کے بعد مینیجر منصور رانا بھی فارغ

لاہور (نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو فارغ کرنے کے بعد ٹیم مینیجر منصور رانا کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تینوں ٹورز میں ڈسپلن نام کی کوئی چیز ٹیم میں نہیں دیکھی گئی اور شکایات کی تصدیق کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
قبل ازیں پی سی بی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کے سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض اور عبد الرزاق کو عہدوں سے فارغ کیے جانے کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض اور عبدالرزاق نے کچھ کھلاڑیوں کی غیر ضروری طرفداری کی اور جن کھلاڑیوں کی حمایت کی گئی انہوں نے ہی پرفارم نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تحقیقات مکمل کرنے پر اقدامات کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں 4 سابق کرکٹرز وہاب ریاض، عبدالرزاق، اسد شفیق اور محمد یوسف شامل تھے جبکہ وہاب ریاض ٹیم کے سینئر منیجر بھی تھے۔