اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ایک سال بعد ٹیریان کیس نئے سرے سے سماعت کے لیے مقرر کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے سرے سے سماعت کے لیےکیس مقرر کرنا بانی پی ٹی آئی کو ناحق جیل میں رکھنے کا منصوبہ ہے۔ توشہ خانہ، سائفر اور القادر ٹرسٹ کے بعد ایک اور مقدمے سے امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔ ججز پر دباؤ کے انکشاف کے بعد کارروائی آگے بڑھانےکا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز باقی نہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہےکہ عدت اور ٹیریان جیسے مقدمات کا اندراج اخلاقی پستی کی علامت ہے، ٹیریان کیس کا مدعی آج تک نامعلوم ہے، ریاستی وکلاء کی خصوصی سرپرستی حاصل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ نیا بینچ تشکیل دے کر ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کے خلاف تعصب عیاں کیا گیا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیریان جیڈ کا نام ظاہر نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف نا اہلی کیس کی سماعت کے لیے نیا لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجربینچ کیس کی سماعت 21 مئی کو کرے گا۔