You are currently viewing ٹرمپ کے مشیر کی اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سے ملاقات

ٹرمپ کے مشیر کی اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سے ملاقات

نیویارک (نیوز ڈیسک) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایراوانی سے ملاقات کی ہے۔
امریکی میڈیا نے 2 ایرانی حکام کے حوالے سے ایلون مسک اور امیر سعید ایراوانی کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں شخصیات نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم کرنے سے متعلق امور پر بات کی۔
یاد رہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ جنگیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔
خفیہ مقام پر ہوئی ملاقات ایک گھنٹے سے زیادہ دیر جاری رہی جسے ایرانی حکام کی جانب سے مثبت اور اچھی خبر قرار دیا گیا۔
ملاقات کی درخواست ایلون مسک نے کی جبکہ جگہ کا انتخاب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے اہلکار کے مطابق سفیر ایراوانی نے ایلون مسک سے کہا کہ وہ امریکی وزارت خزانہ سے کہیں کہ ایران پر عائد پابندیاں اٹھائے اور دعوت دی کہ وہ اپنے کچھ بزنس تہران لائیں۔
تاہم ایرانی مشن نے ملاقات کے حوالےسے بیان جاری نہیں کیا۔
ملاقات پر ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے بھی ردعمل ظاہر نہیں کیا تاہم ٹرمپ کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر Steven Cheung نے کہا کہ وہ ایسی نجی میٹنگز پر تبصرہ نہیں کریں گے جو ہوئی ہوں یا نہ ہوئی ہوں۔
ملاقات کی خبروں سے قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عرقچی نے اقوام متحدہ کے ایٹمی واچ ڈاگ ادارے کے سربراہ سے ملاقات کی تھی۔
بعدازاں جاری بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ اختلافات تعاون اور مذاکرات کے ذریعے ختم کیے جاسکتے ہیں، ایران حوصلے اور نیک نیتی سے آگے بڑھنے پر متفق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے پرامن نیوکلیئر پروگرام کے معاملے پر مذاکرات کی میز کبھی نہیں چھوڑی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7