ریو (نیوز ڈیسک) برازیل میں بینک سے قرض لینے کے لیے وہیل چیئر پر مردہ شخص کو لے کر پہنچنے والی خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق برازیل کی ریاست ریو میں ایک خاتون اپنے 68 سالہ رشتے دار کو وہیل چیئر پر لیے بینک سے قرض لینے پہنچ گئی، مذکورہ شخص بے حس و حرکت تھا۔
خاتون بینک سے 3 ہزار 250 ڈالر کا قرض لینے آئی تھی ، خاتون اپنے مردہ رشتے دار کو بار بار قلم پکڑ کر قرض لینے کے لیے دستخط کا بولتی رہی، قلم نہ پکڑنے اور آنکھیں بند ہونے پر بینک نمائندے کو شک ہوا اور اس نے خاتون سے سوالات شروع کردیے اور پولیس کو بھی طلب کرلیا۔
پولیس نے بینک پہنچتے ہی خاتون کو گرفتار کیا اور مردہ شخص کو سرد خانے منتقل کیا۔
مذکورہ تمام واقعہ بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوا جو بعدازاں سوشل میڈیا کی بھی زینت بن گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ شخص کا انتقال بینک میں ہوا تھا جس سے خاتون لاعلم تھی تاہم پولیس کی فارنزک رپورٹ کے مطابق بزرگ شخص کا انتقال کئی گھنٹے قبل ہوچکا تھا۔