اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں ووٹرز کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں۔
عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کو جاری کردہ ہدایات کے مطابق ووٹ ڈالنےکے لیے اصلی شناختی کارڈکا ساتھ ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شناختی کارڈ کی کاپی یا سافٹ کاپی ووٹ ڈالنےکے لیے قابل قبول نہیں تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جاسکتا ہے، شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی اور دستاویز مثلاً پاسپورٹ، ب فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے اندر ووٹر اپنا اصل شناختی کارڈ پریزائیڈنگ افسر کو دےگا جو ووٹرکے دائیں انگوٹھے پر ان مٹ روشنائی سے نشان لگائے گا۔
پریزائیڈنگ افسر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی ووٹر فہرست میں ووٹر کی تصویرکے سامنے انگوٹھے کا نشان لگوائےگا اور پھر ووٹرکا نام ووٹر فہرست سے کاٹے گا۔
اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے الگ لگ بیلٹ پیپرز دیں گے، قومی اسمبلی کے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا۔
ووٹرز ووٹنگ اسکرین کے پیچھے صوبائی اور قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز پر مہر لگائیں گے، ووٹرز بیلٹ پیپر پر امیدوار کے نام یا انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہےکہ بیلٹ پیپر تہہ کرنے سے قبل یقینی بنایا جائے کہ مہر کی سیاہی سوکھ چکی ہے اور بعدازاں بیلٹ پیپر فولڈ کرکے بیلٹ بکس میں ڈالا جائے۔