اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ 26 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج منظور کرے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم چیمبر میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور اٹارنی جنرل منصور عثمان، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور محسن نقوی بھی موجود تھے۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ کابینہ کا اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے دوبارہ ہوگا، بعض تبدیلیوں کے بعد کابینہ سے ترمیمی بل کی منظوری آج لی جائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی میں ڈرافٹ کو حتمی شکل دی گئی، مولانا فضل الرحمان کو بھی ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا، کمیٹی نے جو ڈرافٹ منظور کیا تھا وہ کابینہ کے سامنے رکھا، کابینہ کو پوری طرح بریف کردیا گیا ہے، پچھلے 4 ہفتوں سے تواتر سے یہ کام جاری ہے۔
دریں اثناء سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 3بجے تک ملتوی کیا گیا جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 6 بجے ہوگا۔