You are currently viewing وفاقی وزیر خزانہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکاکے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کےدوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اقتصادی اور تجارتی محاذوں پر امریکا کے پاکستان کے ساتھ مضبوط تاریخی اور پائیدار دوطرفہ تعلقات کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے سفیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور معیشت کو استحکام سے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور ترجیحات کے بارے میں تفصیلات پر روشنی ڈالی۔
امریکی سفیر نے ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگرامزپر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے حمایت جاری رکھنے کا بھی اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں اور دونوں ممالک کے مابین موجود دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکا کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے حکومت کی امریکا کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزیدمضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.