You are currently viewing وزیر خزانہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک پر کام تیز کرنے کا عزم

وزیر خزانہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک پر کام تیز کرنے کا عزم

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی ہم منصب سے ملاقات میں سی پیک فیز 2 پر کام تیز کرنے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ملاقات کے موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک کا فیز ون انفرااسٹرکچر کی تعمیر سے متعلق تھا جبکہ سی پیک فیز 2 اقتصادی زونز کی فعالیت سے متعلق ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مالی سال 26-2025 کےدوران چینی پانڈا بانڈ لانچ کرنا چاہتا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے عالمی اداروں میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب میں عالمی بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیا تھا جس میں پاکستان کے لیے 2047 تک اعلیٰ درمیانی آمدنی والا ملک بننے کا ایک واضح روڈ میپ پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی معیشت 2047 تک 300 بلین ڈالر سے 3 ٹریلین تک بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
واشنگٹن میں چینی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان طویل اور بڑے قرض کی تلاش کر رہا ہے، پاکستان اگلے پروگرام میں کم از کم 6 ارب ڈالر کا نیا ٹیب کھولے گا۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں سے مثبت بات چیت چل رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے علاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مسٹر مارٹن رائزر سے بھی ملاقات کی اور اصلاحات اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7