اسلام آباد (ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری کا کہناہے کہ خارجہ شاہ محمود قریشی کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے اور اپنا موقف بتانا چاہیے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے، تاہم پارلیمنٹ چاہتی ہے کہ وزیر خارجہ نہ جائیں تو میں پارلیمنٹ کے ساتھ ہوں، موجودہ صورتحال میں پاکستان کواپنے دوستوں کو نہیں بھلانا چاہیے، یہ جتنے ملک ہیں ہمارے پرانے دوست ہیں، یہ ہمارے ملک میں شکار کھیلنے آتے ہیں، ہمارے ان ممالک سے مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں او آئی سی اجلاس میں جا کر اپنا موقف بتانا چاہیے، چاہے وزیرخارجہ بعد میں جائیں، ابھی سیکرٹری خارجہ کو بھیج دیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ان حالات میں ہم سب جذباتی ہیں، جنگیں صرف افواج نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں اور پاکستانی قوم پوری طرح سے تیار ہے اپنی فوج کے ساتھ جنگ لڑنے کے لیے۔
سابق صدر نے پاکستانی پائلٹ حسن کو بھارتی طیارے مار گرانے پر خراج تحسین پیش کیا اور بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر جائے گا۔