اسلام آباد (ڈیسک)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چار ملکی دورے کا پہلا مرحلہ مکمل کر کے بدھ کو تاجکستان سے ازبکستان کیلئے روانہ ہوگئے۔
دوشنبے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ فرہاد سلیم اور تاجکستان میں تعینات پاکستانی سفیر عمران حیدر نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔وزیر خارجہ نے تاجکستان میں تاجک ہم منصب اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین نے بدھ کو دو شنبے میں اپنے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔تاجک وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق ،تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر اور سفارتخانے کی سینئر افسران نے ظہرانے میں شرکت کی۔وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر تاجک ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔