You are currently viewing وزیر اعظم کاکشتی حادثے پر یوم سوگ، انسانی اسمگلروں کیخلاف کریک ڈائون کا اعلان

وزیر اعظم کاکشتی حادثے پر یوم سوگ، انسانی اسمگلروں کیخلاف کریک ڈائون کا اعلان

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے یونان میں کشتی حادثے پر کل بروز پیر یوم سوگ کا اعلان کر دیا۔
واقعے کی تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے انسانی اسمگلروں کیخلاف کریک ڈائون کرنے کا حکم دے دیا۔
یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا ، جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی۔
وزیراعظم نے نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کو کمیٹی چیئرمین مقرر کیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقا) جاوید احمد عمرانی، آزاد جموں و کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر شامل ہیں۔
کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی، انسانی اسمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا، عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی، فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی، کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔