لاہور(ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے شیخوپورہ میں پاکستان کے سب سے بڑے رکھ جھوک اسمارٹ جنگل کا افتتاح کر دیا،24ہزار کنال پر محیط یہ اسمارٹ جنگل راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اہم منصوبہ ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے جنگل میں پودا لگا کر پراجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار،وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اور سی ای او راوی ریور اربن اتھارٹی عمران امین بھی موجود تھے۔راوی اربن اتھارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کو سمارٹ جنگل کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ سمارٹ جنگل میں ہر پودے کی نگرانی کیلئے سنسرز لگائے جائیں گے اور یہ تکنیکی کام چینی کمپنی ہواوے کر ے گی جس کیلئے ہواوے اور راوی اربن اتھارٹی کے مابین مفاہمتی یاداشت پردستخط بھی کیے گئے۔راوی اربن منصوبے کے اندر پھلوں کے درخت کے ساتھ ساتھ تفریحی مقامات بھی بنائے جائیں گے اور اس منصوبے کو سیاحت کے لیے پر کشش بنایا جائے گا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان چھوڑ کر جائیں گے،سیاست دان دیکھیں گے کہ ہم ایک نیا شہر بھی بنا سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے ماضی میں ماحولیات پر کام نہ ہونے کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے ماضی میں اپنی آنکھوں کے سامنے جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا ہے ،یہاں ہر قسم کا جانور ہوتا تھا جنگلات کے ساتھ ساتھ جانور بھی کم ہوئے،لاہور میں ماحولیات کی تباہی بھی دیکھی،میٹھا پانی تمام شہری پیتے تھے جس کے بعد آہستہ آہستہ ہم اس نعمت سے بھی محروم ہوتے چلے گئے،آلودگی کی شرح اتنی زیادہ ہے کہ بچے اور بوڑھے دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران جب ہم نے اسمارٹ لاک ڈاﺅن لگایا تو اس سے خاطر خواہ فوائد حاصل ہوئے اور ہمار ے اس اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی پالیسی کو پوری دنیا نے سراہا اور پوری دنیا میں پاکستان کی مثال دی جاتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ 2013 تک پاکستان کی تاریخ میں صرف 64کروڑ درخت لگائے گئے جبکہ ہم نے پانچ سالوں میں خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے اور ہمارا ٹارگٹ ہے کہ ہم ملک بھر میں دس ارب درخت لگائیں گے