اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہفتہ کو ایک روزہ دورہ پر کوئٹہ روانہ ہوگئے۔وزیراعظم کوئٹہ میں خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور سیکشن ٹو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کراچی-کوئٹہ-چمن شاہراہ کے حصے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کی تعمیر نو اور اسے دو رویہ کرنے کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس سے بلوچستان کے اہم شہروں کے درمیان آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ وزیراعظم بلوچستان کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال بالخصوص رمضان خصوصی پیکیج پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے اور بلوچستان میں اشیاضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ میں فروخت اور فراہمی کے فقدان کی شکایت پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیراعظم بلوچستان میں عوامی نمائندوں سے ملاقات بھی کریں گے۔وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔