اسلام آباد(ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کے لیے سعودی امداد کے حصول اور موخر ادائیگیوں پر تیل کے معاہدوں پر بات چیت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں جانے والا وفد دورے کے دوران سعودی عرب کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے، پاکستانی افرادی قوت کے لئے مواقع کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر سعودی حکام سے تبادلہ خیال کرے گا۔