You are currently viewing وزیر اعظم شہباز شریف کا گندم کی پیداوار بڑھانے اور اس کی بلیک مارکیٹنگ ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے

وزیر اعظم شہباز شریف کا گندم کی پیداوار بڑھانے اور اس کی بلیک مارکیٹنگ ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے

اسلام آباد (ڈیسک)پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین برگیڈیئر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ  شہباز شریف کی جانب سے گندم کی پیداوار بڑھانے اور اس کی بلیک مارکیٹنگ ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،آٹے کی قیمت پر قابو پانے کے فیصلے پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے تاکہ مہنگائی سے پریشان عوام کو منافع خوروں سے نجات اورریلیف مل سکے۔

پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ منافع خور گندم اور آٹے کی طلب اور رسد میں فرق کو مصنوعی طور پر پڑھا رہے ہیں جس سے ملک بھر میں قیمتیں بڑھ کر نئی حکومت کی ساکھ کے لئے خطرہ بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی اور یوریا کی بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے گندم کی ملکی پیداوار میں زبردست کمی کے باوجود گزشتہ پانچ ماہ سے گندم درآمد کرنے کے بجائے زبانی جمع خرچ کو ترجیح دی گئی جبکہ اب عالمی منڈی میں گندم کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ روس اور یوکرین کی جنگ ہے۔ محمد اسلم خان نے کہا کہ گندم کی پیداوار ہدف سے 30 لاکھ ٹن کم رہے گی اس لئے اگر اسی مقدار میں گندم کو جلد از جلد درآمد نہ کیا گیا تومنافع خوروں کا حوصلہ بڑھے گا اورمقامی منڈیوں میں اس کی قیمت میں اضافہ ہو گا جس سے عوام کی پریشانی بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے تک پاکستان گندم کی پیداوار میں خود کفیل تھا مگر معیشت کے دیگر اہم شعبوں کی طرح اس شعبے کو بھی مفاد پرست عناصر نے تباہ کر دیا اور اب بھاری مقدار میں گندم درآمد کرنا مجبوری بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو زرعی ملک کہا جاتا ہے مگر سالانہ آٹھ ارب ڈالر کی زرعی اجناس بھی درآمد کی جاتی ہیں جو حیران کن اور خزانے کے لئے ناقابل برداشت ہے۔