اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے ۔ اپنے دورے کے دوران شہباز شریف صدر اردگان کے ہمراہ استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے 4 ملجم کارویٹ جہازوں میں تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے۔
دونوں رہنما دو طرفہ علاقائی صورت حال، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، وزیر اعظم ترکیہ کے بزنس مین گروپ کے ایک وفد اور ای سی او ، ای ٹی ڈی بی کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر بھی بات چیت ہو گی۔
ایئر پورٹ روانگی کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ترک صدر طیب رجب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کا دور روزہ کر رہا ہوں۔ اپنے ترک بھائیوں کی محبت سے بہت متاثر ہوں، انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں سے ہمارے درمیان معاشی، سفارتی اور برادرانہ تعلقات میں بھرپور اضافہ ہو گا۔