اسلام آباد(ڈیسک)وزیرِاعظم عمران خان نے منگل کو ملک کے پہلے ڈیجیٹل پے منٹ سسٹم راست کا اجرا کردیا۔
راست پروگرام اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے شہریوں، کاروبار اور حکومتی اداروں کے مابین رقوم کی ترسیل و ادائیگی کیلئے بنایا گیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ راست کے تحت کم مالیت کی ریٹیل اداگیاں اور رقوم کی منتقلی ڈیجیٹل طریقے سے تیز اور سہل ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مختلف مالیاتی اداروں جن میں کمرشل بنک، مائیکرو فنانس ادارے و بنک، حکومتی ادارے اور فِنٹیکس شامل ہیں، کو وقت کی بچت کے ساتھ کم لاگت سے مرکزی سسٹم تک رسائی و روابط قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔گذشتہ سال راست کے کاروبار و سرمایہ کاری کی سطح پر اجرا اور کامیابی کے بعد اس کا عام آدمی کی سہولت کیلئے شہریوں کی سطح پر اجرا کیا جا رہا ہے۔ راست کے اجرا سے عام آدمی کی بینکنگ چینلز اور الیکٹرانک ٹرانزیکشنز تک رسائی فوری اور آسان ہوگی۔