You are currently viewing وزیراعظم کی چیئرمین ایم کیو ایم منتخب ہونے پر خالد مقبول کو مبارکباد

وزیراعظم کی چیئرمین ایم کیو ایم منتخب ہونے پر خالد مقبول کو مبارکباد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان، پارٹی میں نئی روح پھونکی اور پارٹی نے قومی مفادات کی خاطر مشکل فیصلوں میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ عوام کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے مزید متحرک ہوگی۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں سابق کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو متفقہ طور پر ایم کیو ایم پاکستان کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کے مطابق کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت پاکستان ہاؤس میں مرکزی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، انیس قائمخانی، فیصل سبزواری، امین الحق اور رضوان بابر نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں مرکزی کمیٹی کی تنظیمی اور سیاسی امور پر معاونت کے لیے اعلیٰ سطحی مرکزی کونسل کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے ارکان کے ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.