اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وقت برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ سستی سے کام کو بھی برداشت نہیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے وزارتوں کو وارننگ دیتے ہوئےکہا کہ کسی نے سستی سے کام لیا تو برداشت نہیں کروں گا کمر کس لیں، پاکستان کے مسائل کو حل کرنا ہے، ٹائم برباد کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلوں پر عملدرآمد اور نفاذ کرنا ہوگا، سب نے ٹارگٹ پورے کرنے ہیں، آئی ایم ایف سے نجات کا ہدف صرف باتوں سے پورا نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ 10 لاکھ ٹیوب ویل تیل پر چل رہے ہیں، ملک میں ساڑھے 3 ارب ڈالر کا تیل استعمال ہوتا ہے، ہم نے بلوچستان میں 28 ہزار ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں سورج کی روشی سے فائدہ لینا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، ہم نے کل 50 ارب روپے ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگا کر 200 یونٹ والوں کو 3 مہینے کے لیے ریلیف دیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ پر 1200 ارب کی چوری ہورہی ہے، پی این ایس سی کے 12 جہاز ہیں اور 5 ارب روپے کی تنخواہیں ہیں جبکہ 5 ارب ڈالر فریٹ چارجز ادا کرتے ہیں، کسی کو پرواہ نہیں، کیا ہمیں اور جہاز نہیں لینے چاہیں؟ یہ پیسہ بچے گا تو دیگر منصوبوں پر لگ سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور تاجکستان کے دورے میں دیگر ممالک کے سربراہان سے اچھی بات چیت ہوئی، روسی حکام سے بھی سرمایہ کاری پر جامع گفتگو ہوئی، زراعت اور پیٹرولیم فیلڈ میں نئی ٹیکنالوجی لانی ہے۔