You are currently viewing وزیراعظم نے 2 ہفتے میں وہ کام کئے جن کا عمران خان 4 سال سوچ بھی نہیں پائے، مریم اورنگزیب

وزیراعظم نے 2 ہفتے میں وہ کام کئے جن کا عمران خان 4 سال سوچ بھی نہیں پائے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کی دو ہفتہ کی کارکردگی کا جائزہ پیش کر دیا،

آٹا، چینی، گھی کے ستائے عوام کو سستی اشیا کی فراہمی شروع ہو چکی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے، 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 550 روپے سے کم کر کے 400 روپے کر دی تھی۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چار سال میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی گئی تھی جس میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دو ہفتوں میں وہ کام کئے جن کا عمران خان چار سال میں سوچ بھی نہیں پائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دو ہفتوں میں بجلی کے بند 27میں سے 20پیداواری یونٹس کو فعال کیا، بجلی کے کارخانے چلانے کے لئے تیل اور گیس کی فراہمی کیلئے ریکارڈ اقدامات اٹھائے گئے۔ ایک سال سے تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے بند پڑے کارخانے پھر سے بحال ہونے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار سال سے بند اسلام آباد میٹرو کا منصوبہ چار دن میں شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیو اسلام آباد ہوائی اڈے سے میٹرو کو موٹر وے اور فیض آباد سے جوڑنے، بھارہ کہو اور روات تک توسیع دینے کی فزیبلٹی کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر میٹرو کا اسٹیشن بنانے کا اقدام کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر کام کی رفتار بڑھائی، ڈیم کو 2029 کی بجائے 2026 میں مکمل کرنے کی نئی ڈیڈ لائن رکھی، مقامی آبادی کے لئے بہترین اور جدید علاج کے لئے ہسپتال کی فزیبلٹی تیار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار کچلاک شاہراہ کو دو سے چار رویہ اور پھر اگلے مرحلے میں چھ رویہ کرنے کے لئے سیکشن 1اور 2کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے پاکستان کی سب سے جدید ترین ٹیکنیکل یونیورسٹی کے منصوبے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، کراچی کی طرح کوئٹہ میں بھی میٹرو سروس کی فزیبیلیٹی تیار کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے غریب ترین پانچ لاکھ لوگوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے امداد دینے کا اعلان کیا۔