کراچی(ڈیسک)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کررہے ہیں، پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی بات کی ہے،میں سلام پیش کرتا ہوں تمام شہداکو اور ان کے ورثاکوجو کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کسی قسم کی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں کیا ہے۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ ہندوستان ریاستی دہشت گردی، بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل، آزادی اظہار رائے پر پابندیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے پرامن حل کے لیے کام کرے، یہ واحد راستہ ہے جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنا سکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے ہر ممکن تعاون کو جاری رکھے گا۔