You are currently viewing وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ گوادر، بارش متاثرین کے لیے امداد کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ گوادر، بارش متاثرین کے لیے امداد کا اعلان

گوادر (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں بارشوں کے دوران جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر شخصیات نےان کا استقبال کیا ۔
اس دوران انتظامیہ نے انہیں گوادر میں بارشوں سے ہونے والی تباہی پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے حکام اور انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے، متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لیے آیا ہوں، بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، 26 فروری کو طوفانی بارش نے گوادرسمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں تباہی مچائی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ امداد متاثرین پر احسان نہیں، مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں تمام نقصانات کی ضابطے اور قانون کے تحت ادائیگی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے انہیں 7 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، جن کے گھر کوجزوی نقصان پہنچا ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے، بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے جبکہ زخمیوں کو5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے، 4 دنوں میں متاثرین کو رقوم فراہم کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کل بروز بدھ کراچی کا دورہ کریں گے، وہ مزار قائد پر حاضری دیں گے ۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.