حیدر آباد (ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے 13ویں ایدیشن میں پاکستان اپنا پہلا میچ نیدر لینڈ کے خلاف کل بروز جمعہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، حیدرآباد میں کھیلے گا۔
پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ دن ایک بج کر 30منٹ پر شروع ہوگا۔
مردوں کے ون ڈے کرکٹ فارمیٹ کا عالمی ٹورنامنٹ ہر چار سال کے بعد کھیلا جاتا ہے۔
2023کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف پنجہ آزمائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا اختتام 19 نومبر کو ہوگا۔
میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں میں میزبان بھارت ،عالمی چیمپئن انگلینڈ، پاکستان ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکاشامل ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، عالمی چیمپئن نے 2019کے ورلڈ کپ فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔