احمد آباد (ڈیسک) چار برس بعد کرکٹ ورلڈ کپ کا آج سے انڈیا میں آغاز ہو رہا ہے، افتتاحی میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔
دنیا کی دس بہترین کرکٹ ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کے لیے قسمت آزمائی کریں گی، تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے ابتدائی میچز کھیلیں گی۔
ابتدائی راؤنڈ کے میچز کھیلنے کے بعد چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں آج میگا ایونٹ کا پہلا میچ ہو گا ، دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور رنر اپ نیوزی لینڈ کرکٹ شائقین کو محظوظ کریں گے۔
کرکٹ کے اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے آپس میں 95میچز کھیلے ہیں، جس میں دونوں ہی ٹیموں نے 44، 44میچز کی جیت اپنے نام کی ہے۔
پچانوے میچز میں سے تین میچ ٹائی رہے اور چار میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی دونوں ٹیمیں فتح کے اعتبار سے برابر ہیں، دونوں کے درمیان ورلڈ کپ میں اب تک 10میچز کھیلے گئے اور دونوں نے 5،5 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ 1996کے ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلش ٹیم کو 11رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اپنا پہلا میچ جمعہ کو نیدر لینڈ کے ساتھ کھیلے گا۔