لاہور (ڈیسک) پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ اور انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی میڈیا کے نمائندوں اور شائقین کرکٹ کیلئے تاحال ویزے نہ جاری کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ ورلڈ کپ کرکٹ کا آغاز ہو چکا مگر ابھی تک پاکستانی شخصیات کے لیے ویزے جاری نہ کیے جا سکے، ویزوں کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر پر سخت حیرت اور افسوس ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آئی سی سی کو کئی بار یادہانی بھی کرائی گئی کہ ہوسٹ ایگریمنٹ کے تحت ویزوں جاری کرنا ورلڈ کپ میزبان بورڈ اور ملک کی ذمہ داری ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی سے ورلڈ کپ کی ویزا پالیسی پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا، پی سی بی نے آئی سی سی حکام سے معاملہ جلد حل کروانے کے لیے اپنا مضبوط کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی ۔