کراچی (نیوز ڈیسک) قطر میں آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے محمد آصف وطن واپس پہنچ گئے۔
کراچی ائیرپورٹ پر پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ان کا استقبال کیا تاہم کسی بھی حکومتی نمائندے کی غیر موجودگی پر آصف نے افسوس کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ محمد آصف نے قطر میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں ایرانی کیوئسٹ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا ۔
کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں محمد آصف نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک ورلڈ چیمپئن کے استقبال کے لیے کوئی حکومتی نمائندہ نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر چیمپئنز کے ساتھ ایسا رویہ ہوگا تو نوجوان کھلاڑی کیسے حوصلہ پائیں گے۔
محمد آصف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چیمپئن پلیئرز کی مناسب حوصلہ افزائی کرے اور ان کے انعامات پر نظرثانی کرے۔
بھارتی کھلاڑیوں سے متعلق آصف نے کہا کہ ہمیشہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں، اور دونوں ممالک کے کھلاڑی ایک دوسرے کے ملک میں جا کر کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔