اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاںمحمد نواز شریف نے لندن میں پارٹی اجلاس طلب کر لیا۔
اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کل لندن کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ میاں نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے ارکان احسن اقبال، مریم اورنگ زیب، خواجہ آصف، ایاز صادق، شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر، خواجہ سعید رفیق ، ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ بھی شرکت کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی پہلے سے لندن میں موجود ہیں جب کہ پارٹی کے دیگر مرکزی رہنما کل لندن کے روانہ ہوں گے۔ رانا ثناء اللہ آج رات برطانوی ایئر لائن سے لندن روانہ ہو رہے ہیں۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قائد ن لیگ میاں نواز شریف نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی تجویز مسترد کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کو لندن پہنچنے کی ہدایت کی ہے ، ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کو کچھ معاملات پر تحفظات ہیں، ایسی صورت حال میں ن لیگ کوئی بڑا فیصلہ کر سکتی ہے۔ اس دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار سے مشاورت کا امکان ہے، اس کے علاوہ پنجاب کابینہ، پاور شیئرنگ اور آئندہ انتخابات پر بھی بات چیت عمل میں لائی جائے گی جب کہ ملکی ، معاشی اور سیاسی اُمور پر غور کیاجائے گا۔