کرائسٹ چرچ (ڈیسک) نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ کی ورلڈ نمبر ون ٹیم بھارت کو دو میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست دیدی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پہلی اننگز میں چتیشور پجارا اور ہنوما وہاڑی کی نصف سنچریوں کی بدولت 242 رنز اسکور کیے۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 235 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں بھارت کو پہلی اننگز میں 7 رنز کی سبقت ملی۔
لیکن دوسری اننگز میں بھارتی بلے باز کیوی بولنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم صرف 124 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ چتیشور پجارا 24 اور ویرات کوہلی 14 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں بھی بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں بھارت کو وائٹ واش کر کے آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی دو درجے ترقی کے بعد کیویز تیسرے نمبر پر آگئے۔