اسلام آباد (ڈیسک) سابق وفاقی وزیر، رہنما پی ایم ایل این جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں، ان کی آمد کا فیصلہ 15ستمبر کے بعد ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوئی کوشش نظر نہیں آرہی، ان کی واپسی میں اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے بھی کوئی رکاوٹیں نہیں۔
انھوں نے کہا کہ ملک کے ایک طاقت ور ادارے کی جانب سے کبھی جو رکاوٹیں ہوا کرتی تھی کئی ماہ سے وہ نظر نہیں آ رہیں۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی ختم ہو گئی ہے، اب قوم اپنے رہنمائوں کا انتخاب کرے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ انتخابات وقت مقررہ پر ہونے چاہیئں، الیکشن کمیشن کو فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ انتخابات کے حوالےسے قیاس آرائیاں ختم ہو سکیں۔
جاوید لطیف نے مزید کہا کہ حکومت کی 16ماہ کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، ہم خارجہ امور اور معیشت سے متعلق بہت سے معاملات پر کامیاب رہے ۔